خشک سردی سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز

115
Pimms Hospital
Pimms Hospital

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):خشک سردی کے باعث نمونیا بخار ،سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں کی بیماریوں،کھانسی،نزلہ زکام کے مریضوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ترجمان ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا کے مطابق ہسپتال میں خشک سردی پڑنے سے نمونیا بخار ،سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں کی بیماریوں،کھانسی،نزلہ زکام وغیرہ کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ،روزانہ کی بنیاد پر 50 سے زائد متعلقہ مریضوں کو ایمرجنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بڑی عمر کے مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ 150 سے زائد مریضوں کو ہسپتال کی او پی ڈی میں چیک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر شرجیل کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے دیگر شعبوں خصوصا پلمنالوجی وارڈز کے ڈاکٹروں سے بھی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے شہریوں سے کہا کہ خشک سردی سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گھر سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال کریں اور پینے کیلئے نیم گرم پانی کا استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ خشک سردی سے بڑے عمر کے لوگ خصوصی طور پر احتیاط کریں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔