صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اہم اجلاس،اقلیتی کارڈز کے اجرا کے حتمی مراحل کا جائزہ لیا گیا

123
پاکستان کے تمام مذاہب مسلمان، ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر سب پاکستانی پرچم تلے متحد ہیں،صوبائی وزیر اقلیتی امور

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت کیمپ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی، ایڈیشنل سیکرٹری رضوانہ نوید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد اقلیتی کارڈز کے اجرا کے حتمی مراحل کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں نادرا، آئی ٹی، پنجاب بینک، فنانس اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے تفصیلی بریفنگ دی۔ نادرا کے نمائندہ نے اقلیتی کارڈز کی رجسٹریشن کے تکنیکی پہلووں پر روشنی ڈالی، جبکہ پنجاب بینک کے عہدیدار نے مالی امداد وصول کرنے کے طریقہ کار کو واضح کیا۔

اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ نادرا سے کافی حد تک ڈیٹا ویری فائی ہو چکا ہے اور اقلیتی کارڈز کے اجرا کے لیے حتمی مراحل جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اقلیتی کارڈز کے اجرا کی تکمیل کو جلد نتیجہ خیز بنایا جائے گا، تاکہ مستحق اقلیتی خاندانوں کو فوری طور پر مالی امداد اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی کارڈز کا اجرا مذہبی اقلیتوں کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ ثابت ہو گا۔ پنجاب حکومت اس عمل میں شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اقلیتی کارڈز صرف مستحق خاندانوں کو دیے جائیں اور تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی یا غلط فہمی نہ ہو۔ صوبائی وزیر نے عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے سیکرٹری انسانی حقوق کو فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور پنجاب بینک کے نمائندگان نے شرکت کی۔