وفاقی وزیر برائے بحری امور کا امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربم کے اعزاز میں عشائیہ

111

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربم کے اعزاز میں پورٹ ہاؤس کراچی میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا ۔ وزارت بحری امور کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں شرمیلا فاروقی، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کے ٹرسٹیز کے علاوہ پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر معزز مہمانوں کے درمیان خیالات کا تبادلہ ہوا اور پاکستان کے بحری شعبے میں ترقی اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور ملک کے بحری شعبے کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔