چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت بی آئی آیس پی ڈیٹا شیئرنگ پروٹوکول پر اہم اجلاس

127

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو بی آئی آیس پی ہیڈ کوارٹرز میں ڈائنامک رجسٹری ڈیٹا شیئرنگ پروٹوکول پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں این ایس ای آر اور ٹیکنالوجی ونگ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی جی این ایس ای آر ڈاکٹر عاصم اعجاز نے سینیٹر روبینہ خالد کو بی آئی ایس پی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

‘بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی اب تک 255 پبلک اور پرائیویٹ اداروں کے ساتھ مستحق افراد کا ڈیٹا شیئر کرچکا ہے۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ ہمارا مقصد مستحق افراد کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا اور مثبت تبدیلی لانا ہے،

بی آئی ایس پی کو ادارے کی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کے تحت ایک شفاف انداز میں صوبائی سطح پر صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے تمام اداروں کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنا چاہئے تاکہ وہ غریب اور ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات اٹھا سکیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیٹا شیئرنگ کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی روابط کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سروے کے نظام کو مزید بہتر بنانےکی ضرورت ہے تاکہ اصل حق دار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت سکولوں میں بچوں کی حاضری، 8171 پورٹل اپ ڈیٹ، کال سینٹر اور مستحق خواتین کی رہنمائی کیلئے افسران کو ہدایات دیں۔