نارووال ۔20 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک نوید،سیکرٹری آر ٹی اے نارووال،پنجاب ہائی وے پٹرولنگ،ریسکیو،ایکسائز،انڈسٹریز،ہائی ویز اور ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اوور لوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے نارووال کی حدود میں گڈز ٹرانسپورٹ پر منظور شدہ حد سے زیادہ لوڈ ڈالنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے،بھاری جرمانے عائد کرنے اور اضافی وزن کو موقع پر گاڑی سے اتارنے بارے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اوور لوڈنگ کے نقصانات سے اپنی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا ہوگا اور اس امر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
دھند کے موسم میں اوور سپیڈ پر قابو پانے کیلئے ممکنہ اقدامات کرنے اور گاڑیوں کی بیک لائٹس چیک کرنے کے بارے میں بھی متعلقہ محکموں کو احکامات صادر کیے گئے ۔ اجلاس میں شہر کے بازاروں اور مین چوکوں پر کی جانے والی غیرقانونی تجاوزات اور جابجا کھڑے رکشوں کا رش ختم کرنے کیلئے میونسپل کمیٹی،پٹرولنگ اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے کر تمام تر معاملات کو بہتر بنانے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548881