پاکستان کے شایان آفریدی اور ہاجرہ سہیل آئی ٹی ایف ایشیا 14 اینڈ انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ ویک-2 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

155
ITF Asia
ITF Asia

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹارز شایان آفریدی اور ہاجرہ سہیل کولمبو، سری لنکا میں ہونے والے سائوتھ ایسٹ اینڈ ایسٹ ایشیا ویک-2 کے لئے آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 کے علاقائی کوالیفائنگ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ بوائز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں شایان آفریدی نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے محمد حسین کو3-6 اور 3-6سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔ دریں اثناگرلز سنگلز میں ہاجرہ سہیل نے سری لنکا کی ای کاہگلہ کو 4-6، 1-2 (ریٹائرڈ) سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف ) کے صدر اعصام الحق قریشی نے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ہفتہ-1 کے فاتح کے طور پر ابھرنے والے شایان کے لئے ہفتہ-2 میں بھی اپنا شاندار سلسلہ جاری رکھنے کے لئے پر امید ہیں۔ صدر پی ٹی ایف نے ہاجرہ سہیل کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا، چھ سال کے وقفہ کے بعد لڑکیوں کی ٹیم کے حصے کے طور پر اس کی کامیابی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے قوم کے لئے بہت بڑا فخر قرار دیا۔ پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے شایان اور ہاجرہ سہیل کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ کو ان کی شاندار کارکردگی پر دلی مبارکباد پیش کی۔