انڈونیشیا کے سفیر کی پاکستان کے 80ویں یوم آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد ، دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

انڈونیشیا کے سفیر کی پاکستان کے 80ویں یوم آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد ، دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کے مضبوط روابط کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے دونوں ممالک کے لیے اگست کی تقریبات کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 14 اگست کو اپنا یوم آزادی مناتا ہے جبکہ انڈونیشیا اس کے صرف تین دن بعد 17 اگست کو اپنا یوم آزادی مناتا ہے۔

سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے قومی دنوں کے درمیان قریبی زمانی مناسبت دونوں اقوام کو آزادی، دوستی اور یکجہتی کے مشترکہ جذبے کو منانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔سفیر نے اس امر پر زور دیا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے تعلقات دیرینہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط پر استوار ہیں، جنہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مسلسل کردار ادا کیا ہے۔

سفیر نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان 75 سال سے زائد عرصے سے سفارتی تعلقات قائم ہیں، جو باہمی احترام، اعتماد اور تعاون سے عبارت ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران دوطرفہ روابط نے تجارت، دفاع، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت متعدد اہم شعبوں میں وسعت اختیار کی ہے۔چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے اسلام آباد میں انڈونیشیا کے سفارتخانے کی جانب سے ثقافتی سرگرمیوں، کمیونٹی فیسٹیولز اور انڈونیشیا کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی نمائشوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو وسعت دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی اقتصادی تعاون میں اضافے اور دونوں ممالک کے کاروباری افراد اور اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ سفیر نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوستی مزید گہری ہوگی اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوگا۔پاکستانی قوم کو 80ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے پاکستان کے لیے مسلسل امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔اپنے پیغام کے اختتام پر انڈونیشی سفیر نے "پاکستان زندہ باد!” کا نعرہ لگایا۔