صدر مملکت آسف علی زرداری کی حافظ طاہر محمود اشرفی کی تمغہ امتیاز کیلئے نامزد گی کی منظوری

"صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی تمغۂ امتیاز کے لیے نامزدگی کی منظوری دے دی۔”

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی تمغہ امتیاز کے لیے نامزد گی کی منظوری دی ہے۔

نامزدگی میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی اسلام، مسلم دنیا اور پاکستان کے لیے دیرینہ خدمات کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی مکالمے اور عالمی امن کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔پاکستان علماء کونسل کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی مختلف مذہبی اور فرقہ وارانہ برادریوں کے درمیان امن، اتحاد اور افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی خدمات کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔کونسل نے کہا ہے کہ 57 اسلامی ممالک کی نمائندگی کرنے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اس سے قبل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو امن اور ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں گلوبل پیس ایوارڈ سے نوازا تھا۔پاکستان علماء کونسل نے نامزدگی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے مذہبی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور امن کے لیے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی مسلسل کوششوں کا اعتراف قرار دیا۔کونسل نے کہا کہ یہ اعزاز بین المذاہب افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے، امت مسلمہ کے اندر اتحاد کو فروغ دینے اور قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام میں کردار ادا کرنے کی کوششوں کی مزید حوصلہ افزائی کرے گا۔