صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازنے کے لیے منتخب کر لیا گیا

صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازنے کے لیے منتخب کر لیا گیا

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):برطانوی پاکستانی سوپرانو اور صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازنے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 2026 کے سول ایوارڈز کی فہرست کی منظوری دے دی ہے۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز ان کی غیر معمولی فنی خدمات اور پاکستان کے موسیقی و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائرہ پیٹر نے اپنے منفرد فن کے ذریعے پاکستانی شاعری، صوفیانہ فکر اور مشرقی موسیقی کو عالمی سامعین تک پہنچایا، جو ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وفاقی وزیر نے سائرہ پیٹر کے لیے مزید کامیابیوں اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے سول اعزازات کے لیے منتخب شخصیات کے نام یومِ آزادی کے موقع پر جاری کیے گئے۔ سائرہ پیٹر بھی ان ممتاز شخصیات میں شامل ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قومی اعزاز سے نوازا جائے گا۔

سائرہ پیٹر مغربی کلاسیکی اوپیرا کو جنوبی ایشیائی اور صوفی موسیقی کی روایات کے ساتھ منفرد انداز میں ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے پہچانی جاتی ہیں۔ انہوں نے صوفی اوپیرا کے ذریعے اپنی ایک منفرد فنکارانہ شناخت قائم کی ہے، جس میں طاقتور سوپرانو آواز کے ساتھ پاکستانی شاعری، صوفیانہ فکر اور مشرقی موسیقی کے رنگ نمایاں ہوتے ہیں۔وہ پاکستان کے علاوہ مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں اور اپنی موسیقی کے ذریعے پاکستان کی ادبی و ثقافتی روایات کو عالمی سامعین تک پہنچانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

سائرہ پیٹر نے پاکستان کی نمائندگی مختلف ثقافتی، سرکاری، سفارتی اور بین الاقوامی تقریبات میں بھی کی ہے۔ وہ اسلام آباد کے ایوانِ صدر سمیت متعدد اہم اور باوقار مقامات پر پرفارم کر چکی ہیں۔ان کے فن کا بنیادی مقصد مشرقی موسیقی اور ثقافتی ورثے کو مغربی کلاسیکی اوپیرا کے ساتھ جوڑنا ہے۔ وہ پاکستانی شاعری اور صوفیانہ پیغام کو ایک جدید اور منفرد موسیقائی اسلوب کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل رہی ہیں۔سائرہ پیٹر کے لیے ستارۂ امتیاز کا انتخاب ان کے طویل فنکارانہ سفر اور پاکستان کی موسیقی، ثقافت اور قومی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کا اہم اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔

ان کے انتخاب کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانی برادری کے لیے بھی ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ اعزاز ان پاکستانی فنکاروں کی خدمات کو بھی اجاگر کرتا ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں رہتے ہوئے اپنے ملک کے ثقافتی ورثے، موسیقی اور فنونِ لطیفہ کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں۔پاکستان کے سول اعزازات کا اعلان ہر سال یومِ آزادی کے موقع پر کیا جاتا ہے، جبکہ اعزازات کی باقاعدہ تقریبِ عطا بعد میں منعقد ہوتی ہے۔ سائرہ پیٹر 2026 کے سول ایوارڈز کی ان ممتاز شخصیات میں شامل ہوں گی جنہیں ملک کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی اعزاز سے نوازا جائے گا۔