لاہور۔21جنوری (اے پی پی):پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری کو بیرون ملک سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اشتہاری فرحان عرف شانی سیالکوٹ پولیس کو اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
ملزم فرحان نے 2024 میں تنویر نامی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا اور واردات کے بعد عمان فرار ہو گیا تھا جس کے بعد پنجاب پولیس نے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال کے 20 دنوں میں چوتھا مفرور اشتہاری بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاری کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ و پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور سپیشل آپریشن سیل کو اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ تعاون سے سنگین جرائم میں ملوث مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس لایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=549382