کمشنر بہاولپور ڈویژن کا ای خدمت مرکز کا دورہ

95

احمدپورشرقیہ۔ 22 جنوری (اے پی پی):کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے ای خدمت مرکز کا دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے”اپنی چھت اپنا گھر“کاؤنٹر سمیت دیگر مختلف نوعیت کی سروسز فراہم کرنے والے کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر مسرت جبیں نے ای خدمت مرکز میں آئے ہوئے افراد سے بات چیت کی اورو ہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کو تمام سہولیات بروقت اور شفاف انداز میں فراہم کی جائیں۔

منیجر ای خدمت مرکز احد گردیزی نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کو مرکز میں فراہم کی جانے سہولیات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ای خدمت مرکز میں شناختی کارڈ کاؤنٹر، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، بچوں کے ب فارم، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، فرد ملکیت، منظوری تعمیراتی نقشہ جات، ایکسائز سہولیات، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سمیت دیگر خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جاتی ہیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے ہدایت کی کہ تمام سروسز کو بروقت معیاری اور شفاف انداز میں فراہم کیا جائے۔

بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ای خدمت مرکز کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔