ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کے لیے مناسب درجہ حرارت کا خیال رکھناضروری ہے۔اگر درجہ حرارت موزوں نہیں ہوگا تو پیداوار میں کمی اور دیگر زرعی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بہتر نتائج کے لیے مناسب درجہ حرارت اور سازگار حالات کا انتظار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹر نوید افضل نے کہاکہ اگیتی کپاس کی کاشت کے لیے کاشتکار ٹرپل جین اقسام کاشت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ درجہ حرارت مسلسل چار دن تک 18 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم نہ ہو۔ اگر کپاس کو غیر موزوں درجہ حرارت پر کاشت کیا جائے تو بیج کے اگاؤ میں دشواری، بیج کے گلنے سڑنے اور بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جو بالآخر پیداوار کو متاثر کرتے ہیں اور کاشتکار کو معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر نوید افضل نے کہاکہ اگیتی کپاس کی کاشت کا سفارش کردہ وقت 15 فروری سے 31 مارچ کے درمیان ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=550283