ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں موسمیاتی،زرعی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

71

ایبٹ آباد۔ 23 جنوری (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں موسمیاتی،زرعی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد ہوا۔ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرکے زیر اہتمام اور سماجی ترقی کے لیے کام کرنے والے امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے جمعرات کے روز موسمیاتی زرعی ٹیکنالوجیز(Climate-Resilient Agricultural Technologies) کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد ہوا ،جس کا مقصد طلباء و طالبات کوموسمیاتی تبدیلیوں کے زرعی شعبے پر ہونے والے اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اورزرعی سرگرمیوں میں ٹیکنالوجی کے فروغ کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے مختلف علاقوں میں فصلوں کو متاثر کر رہی ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ زرعی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ہونے والی زرعی ریسرچ سے مستفید ہو کر ہم زرعی شعبے میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں۔سیمینار میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ایک روزہ سیمینار میں یو ایس ایڈ کے ماہرین ڈاکٹر شاد محمد،ڈاکٹر واجد نسیم جتوئی،ضیا الرحمن،عدنان فیاض،ایشیاء فاؤنڈیشن اسلام آباد کے مظفر الدین،ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر ساجد علی،طلباء و طالبات اور سکالرزسمیت زرعی ماہرین اور پروفیسرز نے شرکت کی۔