پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کی دوستی آزمودہ ہے ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

87
Khawaja Asif

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نےکہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی اعتماد، احترام اور یکجہتی پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کی دوستی آزمودہ ہے ،پاکستان آذربائیجان کی توانائی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا ۔ جمعے کو مشترکہ کمیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آذربائیجان کشمیر کاز پر پاکستان کے مؤقف کی غیر متزلزل حمایت کر رہا ہے اور اسی طرح پاکستان بھی نگورنو کاراباغ کے معاملے پر آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی دوستی آزمودہ ہے اور عالمی و علاقائی امور میں ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان شراکت داری موجود ہے جس کے تحت دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی توانائی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا اور دونوں ملکوں کی شراکت داری باہمی مفادات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ا ن کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبے میں ہونے والے معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، آذربائیجان خطے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پاکستان اس شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ سے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترویج کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک ای ویزے کے اجرا اور براہ راست پروازوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔