یونیورسٹی آف سرگودھا اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

123

سرگودھا۔ 24 جنوری (اے پی پی):تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور سود مند تحقیق کے فروغ کے لئے یونیورسٹی آف سرگودھا اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یاد داشت کا سمجھوتہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب یونیورسٹی آف سرگودھا ملٹی پرپز ہال کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز ثمینہ نواز، ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی سید نوید عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیشن احسان الحق، وائس چانسلریونیورسٹی آف سرگوھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، رجسٹرار وقار احمد، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عمران غفور، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی اور ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر فہیم ارشد بھی موجود تھے۔

مفاہمتی یاد داشت کے سمجھوتے پر ڈائریکٹر اورک یونیورسٹی آف سرگودھا اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ثمینہ نواز نے دستخط کئے۔ مفاہمتی یاد داشت کے سمجھوتے کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کے طالب علموں کو معیاری تحقیق کے لئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی۔ نیز مالی حوالے سے طالب علموں کو ایک تحقیقی پراجیکٹ اور مقالہ کے لئے ایک لاکھ روپے تک کی رقم بھی فراہم کرے گی جس میں سپروائزر کو 30 ہزار اور طالب علم کو کام کے لئے 70 ہزار روپے دے گی۔

نیز پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طالب علموں کو ان کی تحقیق کے لئے مختلف دفاتر، ماہرین تعلیم اور اداروں تک رسائی و معلومات فراہم کرے گی۔ مفاہمتی یاد داشت کے سمجھوتے کے مطابق یہ تحقیق یونیورسٹی کے بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طالب علم کرسکیں گے اور کام مکمل کرنے کے بعد اپنی تحقیق کو دونوں اداروں کو بروقت جمع کروائیں گے۔ مفاہمتی یاد داشت کے سمجھوتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا شمار نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ ملک بھر کی اہم ترین جامعہ میں ہوتا ہے اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس ایک باقاعدہ عملی وژن رکھتے ہیں اور ان ہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت کے سمجھوتے پر دستخط کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے علمی مشن کے مطابق معیاری تعلیم و تحقیق کو عام کرنا ہے تاکہ معاشرے میں بہتری آئے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہتری اس وقت آئے گی جب ہمارا طالب علم سنجیدہ ہوگا اور اپنی تمام توانائیاں ملکی فلاح، بہتری اور ترقی کے لئے وقف کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اگرچہ تین سال کے لئے ہے تاہم ہم اس کو مزید بھی علمی تحقیق کے لئے بڑھائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ ایک معیاری اور بہترین تحقیق وہی ہے جس کا فائدہ ملک و ملت اور معاشرے کو ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق برائے تحقیق کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ ہمیں نئی ایجادات دریافت اور معاشرتی اقدار کو بہتر کرنے کے لئے غیر معمولی تحقیقی کام کرنا ہوگا اور اسی میں ملکی ترقی کا راز مضمر ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز ثمینہ نواز نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں علمی و تحقیقی معیار غیر معمولی ہے اور یہاں کا ڈسپلن دیکھ کر ہمیں دلی مسرت ہوئی۔ تقریب سے پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمارے طالب علم تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں بہت سنجیدہ ہیں اور ہم باقاعدہ کوالٹی ورک کو ترجیح دے رہے ہیں جس کے دور رس نتائج سامنے آرہے ہیں اور اس سلسلے میں ہماری یونیورسٹی کا انکوبیشن سنٹر نئے علمی پراجیکٹس کے لئے بھرپور کام کررہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے مہمانان گرامی کو یادگاری سونیئر بھی پیش کئے۔