وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ، صنعتی شعبے کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ منظور، گھریلو صارفین کے لیے اضافہ مسترد

168
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ، صنعتی شعبے کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ منظور، گھریلو صارفین کے لیے اضافہ مسترد

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے صنعتی شعبے (کیپٹو پاور) اور غیر محفوظ گھریلو زمرہ جات کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ ہفتہ کووزارت خزانہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، چیئرمین اوگرا، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد مالی سال 2024-25 کے دوران گیس کے شعبے کے لیے مطلوبہ آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف کو 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دے دی، تاہم گھریلو صارفین کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ ای سی سی نے وزارت پیٹرولیم کو ہدایت دی کہ کیپٹو پاور پلانٹس پر گرڈ ٹرانزیشن لیوی کے نفاذ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔