ضلعی انتظامیہ لاہورکاجھگیوں کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد مقامات کلیئر کروالئے گئے

92

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرلاہور سید موسی رضا کی ہدایت پرجھگیوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا، آپریشن میں متعدد مقامات کلیئر کروائے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عبدالباسط صدیقی کی زیر نگرانی ڈیرہ چاہل جھگی پوائنٹ سے جھگیوں کا مکمل انخلا کیا گیا ۔ اے سی صدر عبدالباسط صدیقی کی زیر نگرانی ہیئر جھگی پوائنٹ سے مکمل جھگیوں کا انخلا کیا گیا۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹائون خواجہ محمد عمیر محمود کی زیر نگرانی آبادی میں قائم جھگیوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ مصطفی ٹاون سے خانہ بدوشوں کی بستی قائم ہونے پر دوبارہ کلیئر کروا لی گئی ہے، خانہ بدوشوں کے 7 سے 10 خیموں پر مشتمل مزید 3 مقامات سے انخلا کروا لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹائون خواجہ محمد عمیر محمود کی زیر نگرانی ملتان روڈ پر ماڈل کارٹ بازار کا معائنہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل کارٹ بازار میں ریڑھیوں کی ترتیب درست پائی گئی ، 4 ریڑھیوں کے بانس باہر نکلے ہوئے تھے جو ہٹا دیے گئے ، خواجہ محمد عمیر محمود نے کہا کہ وزن میں کمی اور سرکاری نرخ نامہ کی خلاف ورزی پر 3 افراد کو جرمانہ عائد کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے کی زیر نگرانی چوبرجی چوک، ملتان روڈ پر ریڑھی بازار کا معائنہ کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر ریڑھی بازار میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے پٹواری اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو روزانہ 2 بار چیکنگ اور ریٹ لسٹ اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ریڑھی بازار کو ایک لائن میں لگایا گیا اور غیر استعمال شدہ ریڑھیاں ہٹا دی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادی میں جھگیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے گا اور خانہ بدوشوں کو خیمہ بستی میں آباد کیا جا رہا ہے، ڈی سی لاہور نے کہا کہ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔