اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون ، 13ملزمان گرفتار

93
Accused arrested
Accused arrested

راولپنڈی۔27جنوری (اے پی پی):اینٹی نار کاٹکس فورس(اے این ایف)نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 9 کارروائیوں میں 13 ملزمان گرفتار کر لیے ۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 150.28 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔سندھ میں پیٹارو ٹول پلازہ جامشورو کے قریب دو ملزمان سے 4.5 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 600 گرام ہیروئن برآمدکر کے 2 ملزمان گرفتار کر لیے ۔

ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دمام جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 16 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں ۔پشاور میں جی ٹی روڈ ٹول پلازہ نوشہرہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 40.8 کلو گرام چرس، 26.4 کلو گرام افیون برآمدکر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا ۔

بلوچستان میں حب کے علاقے وندر سے 28 کلوگرام افیون اور 10 کلوگرام کرسٹل ہیروئن برآمد کی گئی ۔کوئٹہ میں نیو سبزل روڈ کے قریب دو گاڑیوں میں چھپائی گئی 5 کلوگرام آئس اور 20 کلوگرام چرس برآمدکر کے 3 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔جناح ٹاؤن کوئٹہ میں دو گاڑیوں میں چھپائی گئی 2 کلو گرام آئس اور 10 کلو گرام چرس برآمدکر کے ، 2 ملزمان گرفتار کر لیے ۔ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 980 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ ترجمان اے این ایف گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔