اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):مردان یوتھ پارلیمنٹ کے17 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس کا تدریسی دورہ کیا۔ایوان بالا کے اعلیٰ حکام نے وفد کو پارلیمنٹ ہائوس آمد پرخوش آمدید کہا۔وفد کو سینیٹ میوزیم کادورہ کرایا گیا جہاں پر انہیں ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
وفد نے سینیٹ میوزیم میں ملک کے ممتاز سیاستدانوں کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد کو سینیٹ کے کام کے طریقہ کار اور قانون سازی کے عمل بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں طلباء کے وفدنے سینیٹ کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔وفد نے پارلیمنٹ ہائوس بارے آگاہی اور استقبال پر سینیٹ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو ایک یادگار اور مفید تجربہ قرار دیا۔