23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںبینکنگ سیکٹر بلوچستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا...

بینکنگ سیکٹر بلوچستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، گورنربلوچستان

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 27 جنوری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بینکنگ سیکٹر بلوچستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک معاشی ترقی، ملازمتوں کے مواقع، نوجوانوں کیلئے ہنرمندی کو فروغ دے سکتے ہیں اور آسان قرضے فراہم کر کے چھوٹے کاروباروں کی مدد کر سکتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں الفلاح بینک کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بینکنگ سیکٹر اپنی سرگرمیاں بڑھانے، کاروبار کو وسعت دینے اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ سیکٹر الفلاح بینک میرین احمد کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ملاقات کے دوران پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، عمران اسد خان ہیڈ برانچ بینکنگ، سرمد اعجاز اعوان بزنس ہیڈ ساؤتھ، ثناء اللہ خان ریجنل بزنس ہیڈ، ندیم شہزاد ایریا منیجر اور ذاکر حسین ایریا منیجر بھی موجود تھے، ملاقات میں تعمیرات، کان کنی، زرعی اور صنعتی شعبوں کیلئے مالیات کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

- Advertisement -

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان کے وسیع قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محل وقوع اور عالمی اقتصادی مرکز بننے کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور صوبے میں صحت، تعلیم اور سماجی انفراسٹرکچر کی ترقی میں معاونت کے لیے مالیاتی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔ گورنر مندوخیل نے انسانی وسائل کی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی ادارے اس کوشش میں تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو جدید بنانے اور مقامی زمینداروں کو آسان قرضے فراہم کرنے میں بینکنگ سیکٹر کی رہنمائی اور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552413

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں