اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پیر کی رات متعلقہ افسران کے ہمراہ سرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور سرینا انٹرچینج منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرینا انٹرچینج کے خیابان سہروردی انڈرپاس کا فنشنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے،فنشنگ کا کام مکمل کر کے خیابان سہروردی انڈرپاس کو ٹریفک کے لئے مکمل کھول دیاگیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا کہ سری نگر ہائی وے کے انڈرپاسز کی فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے،منصوبے سے منسلک رابطہ اور سلپ سڑکوں پر اسفالٹ کا کام بھی جاری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر ہائی وے کے انڈر پاسز کا کام مکمل کر کے ٹریفک کیلئے جلد کھول دیا جائے۔بریفنگ میں بتایا کہ سرینا انٹرچینج منصوبے سے منسلک تمام انڈر پاسز کے اطراف بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری ہے،سرینا انٹرچینج منصوبے پر مستقل بنیادوں پر لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے اطراف بیوٹیفکش اور ہارٹیکلچر کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے،تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹس اور ریزیڈنٹ انجینئرز سائٹ پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کے ساتھ معیار کو یقینی بنائیں،منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو سگنل فری سفری سہولیات کے ساتھ ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552451