بھکر۔ 29 جنوری (اے پی پی):چئیرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین نے ڈی پی او آفس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے ضلع کی مجموعی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا مجموعی طور پر جائزہ لیا۔
اجلاس میں ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے اپنی بریفنگ میں ضلع کے مختلف علاقوں میں ہونے والے جرائم ان کے سدباب کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور پولیس کی موجودہ حکمت عملی ،ضلع میں جرائم کی شرح، اہم کیسزاور زیر التوا مقدمات کی تفصیلات سے بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤ الدین کو آگاہ کیا۔اس موقع پرجرائم کی روک تھام کے لیے سرویلنس کے جدید طرز کے تکنیکی طریقہ کار اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں ضلع کے عوام کیلئے پولیس خدمت مرکز کی فراہم کردہ سروسز بارے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔بریگیڈئیر (ر)بابر علاؤ الدین نے مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع میں قیام امن کے لیے مزید ٹھوس اقدامات،دریائی چیک پوسٹوں اور دریائی پتنوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔