وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ملاقات،دورہ امریکا و انسانی سمگلروں کے خلاف آپریشن بارے تفصیلات سے آگاہ کیا

151

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی اور انہیں اپنے حالیہ دورہ امریکا اور اس دوران اہم امریکی حکام، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

جمعرات کو پی ایم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے محسن نقوی سمیت بورڈ اور ا ن کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔وزیرداخلہ نے وزیر اعظم کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے کام کی رفتار کو سراہا۔

ملاقات میں محسن نقوی نے وزیر اعظم کو انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف آپریشن پر پیش رفت اور تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے ملکی امن و امان کی صورتحال پر وزیرِاعظم کو بریفنگ بھی دی۔