وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس سے گفتگو

104
APP83-17 ISLAMABAD: May 17 - Jean Francois Cautain Ambassador of European Union to Pakistan called on Ms. Marriyum Aurangzeb Minister of State for IB&NH. APP

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم، ثقافت، ورثہ اور سیاحت کسی بھی ملک اور معاشرے کے بارے میں قائم تاثر کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے،ہم اطلاعات، ثقافت، میڈیا تربیتی پروگرامز، فلم پروڈکشن اور براڈ کاسٹ کے شعبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے اور ان کی پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ انتہاءپسند ذہنیت سے نمٹا جائے جس سے نفرت، قدامت پرستی اور جبر کی آبیاری ہوتی ہے،اس سے فلم، براڈ کاسٹ، پروڈکشن اور آرٹ کے ذریعے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے ترقی یافتہ ملکوں کی بہت سی مثالیں دیں جہاں فلموں کے ذریعے عوام میں آگاہی پیدا کی گئی اور ایک کثیر الجہتی اور برداشت کا مادہ رکھنے والا معاشرہ تشکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی بصیرانہ قیادت میں حکومت امن، محبت اور ہم آہنگی کے بیانیے کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے سفیر کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی کا ایک چینل بچوں کیلئے مختص کیا جا رہا ہے، یہ نہ صرف ان کی نشو و نما کیلئے ناگزیر ہے بلکہ اس کے ذریعے انہیں تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔