وزیرِاعلی ٰ پنجاب مریم نوازسے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات ، بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

89
Chief Minister Maryam Nawaz

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف سے جمعرات کے روزیورپی یونین کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس دوران بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ نے یورپی یونین کی پاکستان خصوصا پنجاب سے مسلسل شراکت داری اور انسانی حقوق کے معاملے پر تعمیری روابط کو سراہا ، یورپی یونین کے وفد نے پنجاب حکومت کی انسانی حقوق کے تحفظ بارے کاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے میکانزم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے،پنجاب میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فروغ کےلئے پرعزم اور کاربند ہیں اور اقلیتوں، خواتین، بچوں، سپیشل افراد اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کےلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق اہم جائزہ اجلاس میں شرکت کی ، اگست 2024 میں پاکستان نے نسل پرستی کے خاتمے کے بین الاقوامی کنونشن کے تحت جائزہ کامیابی سے پیش کیا، بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کےلئے یورپی یونین سے اشتراک مستقبل میں مزید بہتربنائیں گے۔یورپی یونین کے نمائندے اولوف سکوگ نے پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ اور کمزور طبقات کے تحفظ کےلئے اقدامات کو سراہا۔