اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام بحال کرنے میں محتاط زری پالیسی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملتان کے ایوان صنعت و تجارت کے ساتھ اجلاس میں انہوں نے کاروبار کو مزید سہولتیں دینے کے حالیہ پالیسی اقدامات کا ذکر کیا جن میں برآمد اور درآمد میں سہولت، منافع منقسمہ کی واپسی اور آئی ٹی برآمد کنندگان اور فری لانسرز کے ساتھ تعاون نیز ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے استحکام جیسے اقدامات شامل ہیں ۔
سٹیٹ بینک کے گورنر نے اس طرف توجہ دلائی کہ ایس ایم ای قرضے جو دسمبر 2023ء میں 543 ارب روپے تھے، بڑھ کر دسمبر 2024ء میں 638 ارب روپے ہوگئے جبکہ مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی میں 1266 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے گئے یعنی سال بہ سال 14.5 فیصد اضافہ ہوا۔گورنر نے ملتان چیمبر کے کردار کو بھی سراہا اور کاروباری برادری پر زور دیا کہ مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر سرمایہ کاری کریں اور غیر روایتی مارکیٹیں تلاش کریں تاکہ ملک کی مجموعی برآمدات میں تنوع لایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553915