اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے باہمی تعاون کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار کے لئے زیادہ سازگار ریگولیٹری ماحول کو فروغ دینے کے لئے ایس ای سی پی ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے کی۔
اجلاس میں ایس ای سی پی کے کمشنرز، سی سی پی کے ممبرز اور دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں ریگولیٹری باڈیز نے اپنے اداروں کی جاری اپ ڈیٹس کا اشتراک کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں ریگولیٹری نگرانی کو مزید موثر بنانے جیسے اہم نکتہ پر بھی بات کی گئی۔دونوں اداروں نے باہمی تعاون کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور پاکستان میں ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لئے باقاعدہ سہ ماہی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔