اسلام آباد۔4 فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینسر سے متعلق آگہی پیدا کرنے اور سستے علاج کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر صحت عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے، اس موذی بیماری کی روک تھام، تشخیص اور موثر علاج کے لئے اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔
کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر ہم اس موذی مرض کے خلاف آگہی پیدا کرنے اور کینسر سے لڑنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،عالمی سطح پر کینسر موت کی دوسری بڑی وجہ ہے، پاکستان نے کینسر کی تحقیق، علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال میں نمایاں پیشرفت کی ہے، طبی سائنس میں پیشرفت، مرض کا جلد پتہ لگانے اور صحت کی بہتر سہولیات سے کینسر کے مریضوں کے لئے بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں تاہم کینسر صحت عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے اور ہمیں اس بیماری کی روک تھام، تشخیص اور مؤثر طریقے سے علاج کے لئے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ کچھ عوامل جیسے کہ جینیاتی رجحان اور ماحولیاتی اثرات ہمارے قابو سے باہر ہیں تاہم ایسے بے شمار اہم اقدامات ہیں جو ہم کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لئے اٹھا سکتے ہیں ،بروقت شناخت، مؤثر علاج اور باقاعدہ ورزش اس بیماری کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے، کینسر کے مؤثر علاج کے لئے جلد تشخیص بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کینسر سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، تحقیق میں سرمایہ کاری کرنے اور سب کے لئے سستے اور معیاری علاج تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے،پاکستان اس خطرے سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور ہم نے تحقیق، اختراعات اور طبی پیشرفت کو آگے بڑھانے میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز تعاون کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم کینسر کی جلد تشخیص اور سستے علاج کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، میں متعلقہ فریقین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے، متاثرہ افراد کی مدد کرنے اور قوم کے لئے ایک صحت مند، کینسر سے پاک مستقبل کی جانب فعال قدم اٹھانے کے لئے تعاون کریں۔