لاڑکانہ،چانڈکا میڈیکل کالج میں یومِ کشمیر کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد

124

لاڑکانہ۔5فروری (اے پی پی):شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں یومِ کشمیر کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔

یہ ریلی چانڈکا میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم ہال سے شروع ہو کر بینظیر بھٹو چوک پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ مرکزی ریلی میں شامل ہوگئی۔ریلی کی قیادت چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد سومرو اور رجسٹرار پروفیسر فہد جبران سیال نے کی۔

دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر شاہد حسین سومرو، وائس پرنسپل ڈاکٹر فوزیہ چانڈیو، پروفیسر علی حیدر بلوچ، ڈاکٹر مسعود قریشی، سیکیورٹی انچارج سلطان احمد بھٹو، ایڈمن آفیسر وحید زمان، اکاؤنٹس آفیسر جمیل احمد شیخ اور دیگر کئی افراد شامل تھے،جنہوں نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں نعرے بلند کئے۔

اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد سومرو نے کہا ہم مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہنچائی جائے۔رجسٹرار پروفیسر فہد جبران سیال نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اگر کسی بھی کشمیری کو تکلیف پہنچے گی تو ہر محب وطن پاکستانی اس کا درد محسوس کرے گا۔