لاہور۔7فروری (اے پی پی):لیسکو نےپنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے اپنے سکولوں میں خوراک اور دودھ فراہم کرنے کےلئے پروگرام کا افتتاح کردیا ۔ترجمان لیسکوکے مطابق پروگرام کی افتتاحی تقریب شالیمار سکول میں منعقد کی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر اورڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاویدنے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ لیسکو سکولوں میں زیر تعلیم بچے ہمارا اثاثہ ہیں اور لیسکو اپنے اثاثوں کا خیال رکھنا جانتا ہے
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شروع کئے گئے پروگرام کا مقصد صحت مند معاشرے کی تشکیل ہے اور اس ضمن میں لیسکو بھی اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب غذا کا حصول ہربچے کا بنیادی حق ہے اور اس کے بغیر صحت مند معاشرے کا تصور ممکن نہیں ہے۔واضح رہے کہ متوازن غذا پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کے طلبا کو فراہم کی جائے گی، غذا کی فراہمی سے قبل بچوں کے مکمل میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ دو ماہ بعد بچوں کے دوبارہ میڈیکل ٹیسٹ کئے جائیں گے تاکہ ان کی صحت پر پڑنے والے مثبت اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔