اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہاہے کہ داخلی اور خارجی طور پر ملک مالی استحکام کی طرف گامزن ہے،پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں،سیاست کو ریاست پر ترجیح نہیں دینی چاہیئے۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری یبان کے مطابق صحافیوں سے ملکی صورت حال پر گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہاز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ملک معاشی طور پر مستحکم اور سفارتی میدان میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ چین بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی میدان میں نیا سنگ میل ہوگا۔ سیاست اور انتشار میں فرق ہے۔ سیاست سب کا حق ہے لیکن اس کے لئے بھی اپنی حدود میں رہنا ہوگا۔ سیدال خان ناصر نے کہاکہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں، سیاست کو ریاست پر ترجیح نہیں دینی چاہیئے، داخلی اور خارجی طور پر ملک مالی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر ایوان اور کمیٹیوں میں اپنا کردار ادا کرے تو عوام کے لئے بہتر ہوگا، موجودہ حکومت کے اتحاد میں افہمام و تفہیم سے معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔