ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی زیرصدارت سیزنل شجرکاری مہم بارے اجلاس

113

ننکانہ صاحب۔ 07 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت سیزنل شجرکاری مہم کے انتظامات بارے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی ادارے گرینڈ شجرکاری مہم کے انعقاد بارے تیاری مکمل کریں اور شجرکاری بارے شہریوں میں آگاہی مہم چلائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مقررہ کردہ ٹارگٹ کے مطابق پورے پودے لگائیں ، 6 فٹ سے چھوٹا پودا نہ لگائیں، تمام ادارے پھلدار اور پھولدار پودے لگائیں گے ، تھرڈ پارٹی سے انسپکشن بھی کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا مین شاہراہوں، ہسپتالوں، سکولوں، پارکس ، انڈسٹریل یونٹس، لاری اڈوں، بس سٹاپس اور پٹرول پمپس کے گردونواح میں بھرپور شجرکاری کی جائے۔

ڈی سی نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہاوسنگ سوسائیٹز میں شجرکاری کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنرننکانہ نے’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کہا کہ سر سبزو شاداب ماحول ہی صحت و تندرستی کی ضمانت ہے۔ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنا ہونگے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے تمام اداروں کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے شکایات موصول ہو رہی ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے کل ریٹائرڈ ہونا ہے اگر آج ہم پینشنرز کے حقوق کا خیال نہیں رکھیں گے تو کل ہمارا بھی یہی حال ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی ملازم کی تنخواہ یا پنشن کے حوالے سے دوبارہ شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ ادارے کا افسر ذمہ دار ہو گا۔