اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اسلام آباد میں تاجر برادری کو درپیش مسائل کے خاتمہ کیلئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے اجلاس کے دوران چوہدری محمد علی رندھاوا، چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد کی موجودگی میں ایک پریزنٹیشن کے ذریعے انہوں نے کاروباری لاگت میں اضافے اور مقامی کاروباری اداروں پر ٹیکسوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں کاروباری حضرات دوسرے شہروں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نےکہاکہ اسلام آباد میں کاروبار کرنے کی لاگت بڑھ گئی ہے جس سے صنعتوں اور کاروبار کے لیے ناسازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔
مزید برآں صدر قریشی نے جہاز توڑنے کی صنعت میں فوری اصلاحات پر زور دیا جو سٹیل انڈسٹری کو سکریپ میٹل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح اس سیکٹر پر ضرورت سے زیادہ ٹیکس ملک کی مینوفیکچرنگ صنعتوں کو سپورٹ کرنے کی صلاحیت کو کم کر رہا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے اسلام آباد کو صاف ستھرا، سرسبز اور رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے یکساں پرکشش بنانے کے لیے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے کاروباری برادری کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، چیئرمین فاؤنڈر گروپ طارق صادق، سابق صدور آئی سی سی آئی خالد جاوید، میاں اکرم فرید، عبدالرؤف عالم اور دیگر تاجر رہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور انہوں نے صدر قریشی کی اصلاح احوال کی تجاویز کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کریں تاکہ شہر کی مسلسل اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557440