کمشنراور ڈپٹی کمشنر کا تحصیل سمندری میں کھلی کچہری کا انعقاد

123

فیصل آباد۔ 08 فروری (اے پی پی):کمشنرمریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصرنے تحصیل سمندری کے دوردراز دیہات میں کھلی کچہری کا انعقاد کر کے عوامی مسائل سنے اور دیہاتوں میں باقاعدگی سے کھلی کچہری لگانے کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر فیصل آباد ڈویژن میں شہروں کے بعد دیہاتوں میں بھی کھلی کچہریاں لگانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کا مقصد عوامی مسائل دہلیز پر حل کرنا ہے ۔

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے گاؤں کے روایتی ماحول چارپائی پر بیٹھ کر عوامی مسائل سن کر ان کے حل کے لئے محکموں کو اہداف تفویض کئے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے مسائل بلارکاوٹ پیش کریں، دوردراز علاقوں اور بالخصوص دیہاتوں میں کھلی کچہریوں لگانے کا مقصد عوام الناس سے رابطوں کو پروان اور ان کے مسائل دہلیز پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگوانے کا طریقہ کار ختم کررہے ہیں، شہریوں کے درمیان بیٹھنے سے بیشتر مسائل ختم ہوتے ہیں تاہم انتظامیہ شہریوں کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔