ملتان ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا

90

ملتان۔ 08 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ نے شہر اولیاء میں قبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا ہے۔اس سلسلے میں ہفتہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ اور سی ای او کارپوریشن محمد اقبال کی زیر نگرانی چوک شاہ عباس اور سورج کنڈ روڈپر بھاری مشینری کے ذریعے ناجائز تعمیرات مسمار کرکے سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

اس دوران کرین اور ٹریکٹرز کے ذریعے دوکانوں کے شیڈز اور تھڑے توڑ کر راستے کشادہ کئے گئے جبکہ کیبن اور سٹالز بھی مسمارکردیئے گئے اور قابضین سے فٹ ہاتھ واگزار کرائے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ شہر اولیاء کو تجاوزات کے چنگل سے آزاد کرانے تک آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا،تاجر برادری ازخود تجاوزات کا خاتمہ کرکے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

محمد علی بخاری نے مزید کہا ہے کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے مخلتف چوکوں پر تجاوزات کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔