ڈپٹی کمشنر بھکر کا شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا معائنہ

60
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر۔ 08 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اے سی بھکر خضر رزاق منج بھی انکے ہمراہ تھے۔اس دوران انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام تجاوزات کو بلا امتیاز ہٹایا جائے اور عوامی راستوں کو کھلا رکھا جائے۔

انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ سرکاری زمین اور سڑکوں پر قبضہ کرنے سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی اور کسی کو بھی عوامی راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط برقرار رہے۔