کراچی ۔ 20 مئی (اے پی پی) مرکزی بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ میں تبدیلی نہ کرنے اور 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مالی سال 17 میں حقیقی جی ڈی پی نمو کا عبوری تخمینہ 5.3 فیصد لگایا گیا ہے جو 10 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ موجودہ تیزی میں ملکی طلب کی بحالی کا اہم کردار رہا ہے۔ سب سے زیادہ فائدہ جاری سرکاری اور نجی سرمایہ کاری سے ہوا ہے جس میں قابل ذکر انفراسٹرکچر اور بجلی کے شعبے بھی شامل ہیں، مزید یہ کہ مستحکم مہنگائی کے ماحول اور بینکوں کی صارفی مالکاری میں ازسرنو دلچسپی کی بنا پر صارفی اخراجات میں بھی توسیع آئی ہے۔ رسدی حوالے سے گذشتہ برس کے مقابلے میں اہم فصلوں میں بحالی، توانائی کی بہتر رسداور بڑے پیمانے کی اشیا سازی میں وسیع البنیاد اضافے نے اس توسیع میں مدد دی ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری کے ہمراہ تیل کی بحال پذیر عالمی قیمتوں کی ملکی موٹر فیول لاگت میں منتقلی کی وجہ سے عمومی مہنگائی بلحاظ صارف اشاریہ قیمت بھی حالیہ مہینوں میں کسی قدر بڑھی ہے۔