لاہور۔9فروری (اے پی پی):پنجاب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھڈیاں میں واقع ملک یونٹ پر چھاپہ مار کر 2500لٹر ملاوٹی دودھ تلف کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا۔ترجمان کے مطابق375کلو پائوڈر، سپلائر گاڑی، ویجیٹبل گھی اور مکسر مشین ضبط کر لی گئی،جعلی دودھ پائوڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا۔
ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتے ہیں، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا اورخفیہ اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ عاصم جاوید نے مزیدکہا کہ ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کو پیٹ ،معدہ اور آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے، عوام تک غذائیت سے بھرپور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557814