34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںدنیابھر میں سائنس کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے افرادمیں 30...

دنیابھر میں سائنس کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے افرادمیں 30 فیصد خواتین شامل ہیں ،اقوام متحدہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیابھر میں سائنس کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے افرادمیں 30 فیصد خواتین شامل ہیں ۔ اقوام متحدہ کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ’’عالمی یوم سائنس برائے خواتین ‘‘ منانے کا مقصد سائنس کے میدان میں خواتین کی خدمات کا اعتراف اور سائنس کی دنیا میں ان کیلئے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس وقت دنیابھر میں سائنس کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے افرادمیں 30 فیصد خواتین شامل ہیں جبکہ 1972 میں یہ تناسب 97 فیصد کے مقابلہ میں 3 فیصد تھا اور1988 تک یہ فرق 90 کے مقابلہ میں 10 فیصد تک بڑھ گیا ۔ اقوام متحدہ کئی عالمی تنظیموں اور متعدد ممالک کےتعاون سے سائنس کے میدان میں خواتین کی تعداد بڑھانے کیلئے باقاعدہ مہم چلا رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ویمن کے زیر اہتمام ’’ خواتین کی جگہ لیبارٹری ہے‘‘ کے عنوان سے دنیا بھر میں باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ نوجوان خواتین کو سائنس کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سربراہی میں چلائی جانے والی مہم سے سائنس کے میدان میں خدمات میں سرانجام دینے والی خواتین کے تناسب میں گذشتہ چند سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ۔2013 میں سائنس کے میدان میں امریکی خواتین کی نمائندگی 21 فیصد ، پاکستان میں 18 فیصد تھی جبکہ بولیویا 63 فیصد خواتین سائنسدانوں کے ساتھ سرفہرست تھا اور دنیا بھر میں خواتین سائنسدانوں کی مجموعی شرح 28 فیصد تک پہنچ چکی تھی ۔ واضح رہےکہ سائنس کے شعبہ میں قابل قدر خدمات کے اعتراف میں 15 خواتین کو نوبل انعامات سے بھی نوازا گیا ہے ۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سائنس کے شعبہ میں خواتین کی تعداد جتنی زیادہ ہوگی تو تحقیق کے شعبہ میں تنوع پیدا ہوگا ۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 2015 سے سائنس کے شعبہ میں خواتین کے تناسب کے فروغ کیلئے ہر سال دنیا بھر میں 11 فروری کو عالمی یوم سائنس برائے خواتین منایا جاتا ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557828

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں