26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںحکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ،سفید کوٹ...

حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ،سفید کوٹ ڈاکٹر ز اور انسانیت کے درمیان رشتہ کی علامت ہے ، احسن اقبال کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں خطاب

- Advertisement -

لاہور۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ،سفید کوٹ ڈاکٹر ز اور انسانیت کے درمیان رشتہ کی علامت ہے، نوجوان ہمارا روشن مستقل ہیں ،تعلیمی اداروں میں ریسر چ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے جدت کو اپنا نا ضروری ہے،2047 تک پاکستان کا شمار دنیا کی ٹاپ 10 معاشی قوتوں میں ہو گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی لاہور میں داخل ہونے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز ، رجسٹرار کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، ڈین ڈائریکٹر ، اساتذہ، والدین ،طلبہ، صحافیوں سمیت دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے،دنیا میں کوئی ایسا ادارہ نہیں جہاں ہمارے نوجوانوں کی نمائندگی نہ ہو، نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں ، میڈیکل کی ڈگری میں داخلہ لینے والے طلبہ کومبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کے لئے پیش پیش ہوں گے،سفید کوٹ ایک لباس نہیں ہے یہ ڈاکٹرز اور انسانیت کے درمیان موجود رشتے کی علامت ہے ، یہ رشتہ احساس، انسانی زندگی کو بچانے اور فلاحی جذبہ پر مشتمل ہے ، دوائی کا کام بیماری کو ٹھیک کرنا ہے جبکہ ایک ڈاکٹرمریض کو اپنے رویہ سے صحت یاب کرتا ہے، آج آپ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں داخلہ لیا ہے وہ سب آپ کی محنت اور آپ کے والدین کی دعائیں ہیں ،آپ کامیاب ہو کر اس ملک کا ایک بہت بڑا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ،یہ نعمت خداوندی ہے ،ہمیں اس کی قدر کرنا چاہیے۔ جب 1947 میں پاکستان کو قیام عمل میں آیا تو دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ہم پر لاکھوں مہاجرین کا بوجھ تھا ،ہمارے حصے کے وسائل بھارت نے ہمیں نہیں دیئے ، لیکن اللہ کے فضل سے ہمارے آبائو اجداد نے ان دشمنوں کی ان میدوں کو خاک میں ملا دیا ۔ وہ پاکستان جس کے پاس ایک کامن پن بنانے کی صلاحیت نہیں تھی آج ایک دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہیہ بھی حقیقت ہے کہ وہ بہت سے ممالک جو کبھی ہم سے بہت پیچھے تھے ان سالوں میں ہم سے بہت آگے نکل گئے ہیں ۔ جب تک ہم پیچھے رہ جانے کی وجوہات کی درست نشاندہی نہیں کریں گے ، اسی طرح بھٹکتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے چار بنیادی اصولوں کو اپنایا جن میں امن ،سیاسی استحکام،پالیسیوں کا تسلسل اور معاشی ایجنڈاشامل ہیں ،لیکن ہم اپنی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو ہم نے خود کو جنگوں میں ڈالے رکھا جس سے ہمارے ملک کا امن خراب ہوا اور آج بھی اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ، اگر ہم نے دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کے چلنا ہے تو ہمارے پاس اب وقت بہت کم ہے ،ہم انتشار کی سیاست کے متحمل نہیں ہو سکتے ،ہمیں گزشتہ 77 سالوں کے نقصان کا مداوا کرنا ہو گا،بطور قوم ہر کسی کو اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،ہمارا ہمسایہ بھارت ہمارے ترتیب دئے معاشی ایجنڈے کو لاگو کر کے ترقی کر سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالاکو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن ہم نے اپنی سیاست کی پروا کئے بغیر ملک کو ایک بار پھر درست ٹریک پر گامزن کر دیا ہے،آج مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوچکی،سٹاک مارکیٹ میں تیزی آچکی ،بیرون سرمایہ کاری بحال ہوچکی ہے،پاکستان آج پھر چوتھی اڑان بھرنے کے لئے تیار ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو ملک کو معاشی قوت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے، صحت کے شعبے میں بہت چیلنجز درکار ہیں ،اڑان پاکستان کے تحت نئے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، اس سال ہم نے 67 ارب روپے سے ایک تین سالہ منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ اگلے تین سالوں میں ملک سے ہیپاٹائٹس سی،شوگر اور ٹی بی کا خاتمہ کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاتعلیمی ادارں میں ریسرچ اور تحقیق کا فروغ بہت ضروری ہے ،ہمیں اپنے تعلیم کے نظام میں صرف نالج ٹیکرز نہیں بننا بلکہ نالج گیورز بننے کے لئے تحقیق کی روایت کو زندہ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا ہمیں محنتی اور ذہین قوم کے طور پرجانتی ہے، پاکستان ایک برانڈ کا نام ہے ،اس برانڈ کو لے کر ہمیں پاکستان کو 2035 تک ون ٹریلین ڈالر اور 2047 تک دنیا کی ٹاپ 10 معاشی قوتوں میں شامل کر نا ہے،وہ دن دور نہیں جب اپنے اس مقصد کو حاصل کر لیں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے نئے داخل ہونے والے طلبہ سے علم حاصل کر کے ملک اور انسانی کی خدمت کا حلف لیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=558358

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں