راولپنڈی۔10فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس فیس میں رعایت یا معافی کے ذریعے مستحق طلبہ کوجدید تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اٹک میں بہت جلد میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس کے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس کے سی ای او صاحبزادہ عمار حسن قریشی، پرنسپل پروفیسر شریف زاہد، ڈائریکٹر وقار احمد، پیر صاحب پوڑمیانہ شریف صاحبزادہ ڈاکٹر آفتاب قریشی، طلبا و طالبات اور مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بھرپور محنت کریں اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں کیونکہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے ،مگر اس کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق اور کردار کی بھی تعمیر کریں یہی ایک اچھے انسان کی پہچان ہے۔
انہوں نے پیر صاحب پوڑمیانہ شریف صاحبزادہ ڈاکٹر آفتاب حسن قریشی کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی جس سے علاقے کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مستحق طلبہ کوجدید تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں فیس میں رعایت یا معافی کے ذریعے رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کا یہ عمل قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرعزم قوم ہے جو جس چیز کا تہیہ کر لیتی ہے وہ کر گزرتی ہے۔ ہمارا ضلع اٹک ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ہمارے علاقے کے شہداء نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ملک کے دفاع میں موثر کردار ادا کیا ہے۔
ہمیں پاک فوج کے شہداء پر فخر ہے جن کی بدولت ہمارا ملک محفوظ ہے۔ انہوں نے حال ہی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار سعید اقبال، سپاہی باسط علی اور پولیس کے سپاہی شہید محمد قدیر کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہت جلد اٹک میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی آف اٹک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ جنڈ میں یو اے ای ٹی ٹیکسلا اور فتح جنگ میں پنجاب یونیورسٹی کے سب کیمپس کے لئے پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے جو بہت جلد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل کالج کیمپس کے سی ای او صاحبزادہ عمار حسن قریشی کی بھی تعریف کی جو ہمہ وقت تعلیمی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔ گورنر پنجاب نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کیں۔