نوجوان قومی اثاثہ ، کھیلوں کا فروغ ترجیح ہے ، والدین بچوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں ،چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام

102

لاہور۔11فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تما م وسائل بروئے کا رلا رہی ہے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے منگل کو پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف ملک میں کھیلوں کے فروغ سمیت نوجوانوں سے متعلق اقدامات کو فروغ دینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی بہتری کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے، ان منصوبوں میں سے یوتھ لون سکیم، لیپ ٹاپ سکیم، گرین یوتھ موومنٹ اہم ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ ہم سب کو ان کے شانہ بشانہ نوجوانوں کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے ہیں، مجھے بے حد خوشی ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے زیرِاہتمام پنجاب میں باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے،ہمارے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر باکسنگ میں اپنا نام پیدا کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا،کھیل نوجوانوں کی مجموعی نشوونما، صحت مند طرز زندگی، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جو نہ صرف جسمانی مضبوطی پیدا کرتا ہے بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور مقابلہ کرنے کی روح بھی پیدا کرتا ہے،مجھے یقین ہے کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ہم ملک کے کونے کونے سے باصلاحیت نوجوانوں کو تلاش کریں گے اور انہیں بہترین کوچنگ اور ٹریننگ فراہم کریں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ ان نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ باکسنگ کے میدان میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کی ٹیم کو بہترین اقدامات کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے،میں اساتذہ اور والدین سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں کیونکہ صرف تعلیم ہی نہیں، کھیلوں کے ذریعے بھی نوجوان ملک و قوم کی خدمت کر سکتے ہیں اورمجھے امید ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔