لاہور۔12فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہاکی کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،جلد دنیا کے اسٹیڈیم میں پاکستان کا قومی پرچم لہرائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت انٹر نیشنل ہاکی لیگ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اولمپیئن خواجہ محمد جنید،ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید میمن،ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ،صوفیہ وڑائچ،مسعود الرحمن ، سیکرٹری پی او اے خالد محمود،ادریس حیدر خواجہ،وقار علی اور اسٹیفن بلوشر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ حکومت نے پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن کردی ہے، تمام شعبوں میں بہتری آرہی ہے،نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو اپنی صلاحیت کا اظہار کرنے کے لیے پلیٹ فارمز مہیا کئے جا رہے ہیں ،جس طرح ملک کی معیشت محفوظ ہاتھوں میں اسی طرح کھیلوں کی بحالی کے لیے بھی تمام وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کھیل کی بحالی کے لیے بھر پور عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ہم نے وعدہ کیا تھا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت منتخب ہاکی کھلاڑیوں کا بین الاقوامی ٹیموں سے مقابلہ کروائیں گے ،آج ہم نے وہ وعدہ پورا کر دیا آج نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نوجوانوں کا جوش و خروش دیکھ کر خوشی ہورہی ہے،یہ ہاکی سیریز اسی پروگرام کا حصہ ہے ،جلد شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ ہم جرمنی اور ہالینڈ کی ہاکی کلبز کے دورہ پاکستان پر شکر گزار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بعد ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس بھی کروائیں گے۔ قبل ازیں چئیر مین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے لیگ کا افتتاح کیا ،افتتاحی میچ جرمنی کی ویزڈان ہاکی کلب اور ہالینڈ ایچ جی سی کلب کے درمیان کھیلا گیا،شائقین کی ایک بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں موجود تھی۔