ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی 2025 کے دوسرے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی تصدیق

119

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے 2025 کے دوسرے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔بدھ کو لیبارٹری نے سندھ کے ضلع بدین سے پولیو کے ایک کیس کی تصدیق کی۔سال کا پہلا کیس جنوبی خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہواتھا۔گزشتہ سال 2024 میں کل 74 معاملے سامنے آئے تھے۔ ان میں سے 27 کا تعلق بلوچستان، 22 کا خیبر پختونخوا، 23 کا سندھ اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے تھا۔پولیو ایک موذی مرض ہے ، اس بیماری کے خلاف بچوں کو اعلی قوت مدافعت فراہم کرنے کے لئے اورل پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول کی تکمیل ضروری ہے۔پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلاتا ہے

بچوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین پہنچاتا ہے جبکہ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے فراہم کرتا ہے۔ والدین کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ویکسی نیشن اورحفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنائیں۔2025 کی پہلی ملک گیر پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہے، ملک بھر میں 99 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ یہ مہم 3 سے 9 فروری 2025 تک چلائی گئی تھی۔اس مہم کے دوران ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔ہر مہم میں یہ پروگرام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ انہیں پولیو وائرس کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔