ڈی سی آفس راولپنڈی میں سی ای او احسان غنی کی زیر صدارت ڈینگی مانیٹرنگ کے حوالے سے اہم اجلاس

69

راولپنڈی۔ 12 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان غنی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور داخلی مانیٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی مانیٹرنگ کے لیے KoboCollect ایپ کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو ایپ کے عملی استعمال پر ویڈیو ٹیوٹوریل کے ذریعے تربیت فراہم کی گئی۔اجلاس کا بنیادی مقصد ڈینگی مانیٹرنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنا تھا، تاکہ تمام معلومات کو مؤثر طریقے سے اکٹھا کیا جا سکے اور بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

سی ای او احسان غنی نے اس موقع پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈینگی کنٹرول مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے KoboCollect ایپ کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں شریک تمام افسران اور داخلی مانیٹرز نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔