اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے معروف کمپنی ویلٹ کونیکٹ کے سی ای او حابل احمد خان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد کے لئے تفریحی اور سیاحتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اسی طرح اسلام آباد میں تھیم پارک اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی غور کیاگیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تفریحی اور سیاحتی انڈسٹری کے فروغ کے لئے مختلف آپشنز زیر غور ہیں اور ان منصوبوں کیلئے سی ڈی اے جوائنٹ وینچر (جے وی) کے لئے بھی تیار ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولیات اور ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے عوام کیلئے مختلف تفریحی اور ڈویلپمنٹ منصوبے شروع کررہا ہے.
ملاقات میں مستقبل میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ملاقات میں ممبر ایڈمن، ممبر پلاننگ، ڈی جی ریسورس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔