چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے صدر کونسل آف ہائر ایجوکیشن ترکیہ کے پروفیسر کی ملاقات

161
Chairman HEC Dr. Mukhtar Ahmed
Chairman HEC Dr. Mukhtar Ahmed

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے صدر کونسل آف ہائر ایجوکیشن ترکیہ کے پروفیسر ڈاکٹر ایرول اوزوار سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ اداروں کے درمیان علمی اور تحقیقی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے ایچ ای سی پاکستان اور کونسل آف ہائر ایجوکیشن ترکیہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے ممکنہ تعاون کے لئے مختلف شعبوں جن میں تعلیمی اور تحقیقی تبادلے ، قیادت کی ترقی اور تعلیمی ماحول میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے منصوبے شامل ہیں ،پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں اطراف کی یونیورسٹیوں میں فیکلٹی اور طلباء کی نقل و حرکت کو آسان بنانے، تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے لئے یونیورسٹیوں کا ایک کنسورشیم تیار کرنے اور پاکستان اور ترکیہ کے مسائل پر مشترکہ تحقیقی پروگرام کے لئے ایک فریم ورک تیار کرنے جیسے اقدامات کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشترکہ علمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی روابط کو بڑھانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔