اسلام آباد کے شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چیئرمین سی ڈی اے کی متعلقہ افسران کو ہدایت

127
Chairman CDA
Chairman CDA

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران سمیت ڈی جی اسلام آباد واٹر اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی اسلام آباد واٹر نے پانی کے موجودہ صورتحال اور ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پانی کے بڑے ذرائع میں سملی ڈیم، خانپور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور اسلام آباد شہر کی ضرورت کے مطابق پانی کے ذخائر موجود ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں 40 فیصد کم بارشوں کی صورتحال ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بھل صفائی کو احسن طریقے سے سر انجام دینے کی بھی ہدایت کی۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور اسلام آباد ریسکیو کو بھل صفائی کی جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ٹیوب ویلز پر پانی کی فراہمی کی مانیٹرنگ کیلئے لائیو کیمرے نصب کئے جائیں، ٹیوب ویلز سے پانی کی فراہمی کے اور دیگر امور کی مانیٹرنگ اور ڈیٹا کی فراہمی کو بذریعہ ویب سائٹ ممکن بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کے فراہمی والے تمام ٹینکرز کو آپریشنل اور ان کی کمی کو پورا کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر ٹی اینڈ ڈی کو تمام پانی ٹینکرز میں ٹریکر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بلوں اور واجبات کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے اور ہر طرح کی کیش پر ادائیگیوں اور ٹرانزیکشنز کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے آن لائن بینکنگ یا بذریعہ ایپس پانی کے بلوں اور دیگر ادائیگیوں کو فروغ دے کر آسان بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد واٹر کے لئے افرادی قوت سمیت ڈرائیورز کی کمی کو فوراً پورا کرنے اور ممبر فنانس کو پانی سے متعلقہ اقدامات کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔