پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2047 تک پانی کی طلب میں 60 فیصد اضافہ متوقع، عالمی بینک رپورٹ

142
World Bank
World Bank

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پانی کے غیر زرعی استعمال میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2047 تک شرح پیدائش میں 4.9 فیصد اضافہ اور درجہ حرارت میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ کی بڑھوتری کا امکان ہے جس کے باعث ملک میں پانی کی طلب میں 60 فیصد تک اضافہ ہوگا ۔

پانی کی طلب میں مجموعی اضافے کا 15 فیصد حصہ موسمیاتی تبدیلیوں سے منسلک ہو گا اور آئندہ 3 دہائیوں کے دوران آبپاشی کےلئے استعمال ہونے والے پانی کا 10 فیصد حصہ غیر زرعی ضروریات کی تکمیل میں صرف ہوگا۔

عالمی بینک پاکستان میں غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کےلئے پالیسی اصلاحات اور زراعت کے شعبہ میں پانی کے موثر استعمال کے علاوہ زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کی کاشت کی بجائے کم پانی استعمال کرنے والی اور زیادہ پیداوار کی حامل فصلوں کی کاشت کے فروغ کےلئے پاکستان کے ساتھ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک 35-2026 کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے۔