موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ، ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت کریں، عاطف اکرام شیخ

80
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ، ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت کریں، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت کریں، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو اربوں ڈالر درکار ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنیوا کانفرنس میں بھی مالیاتی اداروں نے گرانٹ کے بجائے صرف قرض دیا، اب بھی پاکستان آئی ایم ایف سے رعایتی قرض طلب کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کا کاربن اخراج میں حصہ زیادہ ہے تاہم پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ افراد 2022 کے سیلاب میں براہ راست متاثر ہوئے،عوام کی اکثریت اب بھی بحالی کیلئے منتظر ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور ان کی زندگی کو معمول پر لانا حکومتی ذمہ داری ہے،کاروباری برادری نے 2022 کے سیلاب کے بعد امدادی کاروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔